The following, Go to Church? Why?, was authored by Rev. Van Baren and originally published on the CPRC website. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.
چرچ جانا کیوں ضروری ہے؟
مصنف: پادری وین بیرن
ترجمہ کار: ارسلان الحق
میری ایک چھوٹی پوتی ہے جو اب اتنی بڑی ہو گئی ہے کہ چرچ نہ جانے کے لیے بہانے بنانے لگی ہے۔ ایک بار اس نے کہا کہ وہ گناہ اور یسوع کے بارے میں سب کچھ سن چکی ہے، اس لیے وہ گھر پر رہ سکتی ہے جبکہ اس کے والدین چرچ جائیں۔ ایک اور موقع پر اُس نے بیماری کا بہانہ بنایا کہ اُسے ہچکیاں آ رہی ہیں۔ جب اُس کے والد نے کہا کہ انہوں نے ہچکی کی آواز نہیں سنی تو اُس نے جواب دیا، میری ہچکیاں اِسی قسم کی ہیں کہ اُن کی آواز نہیں آتی۔
صرف بچے ہی نہیں بلکہ بڑے بھی اکثر خداوند کے دِن اتوار کو خدا کی حمد وستائش، اُس کا کلام سننے اور عبادت کرنے کے لئے چرچ نہ جانے کے بہانے ڈھونڈتے ہیں۔ وہ سوچتے ہیں کہ کیوں نہ گھر پر ہی رہ کر بائبل مقدس کا مطالعہ کر یں یا کسی مشہور مفسر کی تفسیر پڑھ لیں، ریکارڈ شدہ وعظ سن لیں یا ٹی وی پر کسی مبلغ کا کلام سن لیں۔ کبھی کبھی اُنہیں واعظ کی ذہانت پر بھی اعتراض ہوتا ہے اور وہ خود کو اُس سے زیادہ ذہین سمجھتے ہیں۔
بائبل مقدس واضح طور پر سکھاتی ہے کہ سبت کے دِن خدا کے لوگوں کے ساتھ چرچ میں جمع ہو کر عبادت کرنا نہایت ضروری ہے۔ خود یسوع اپنے زمانے میں باقاعدگی سے عبادت خانہ میں عبادت کیا کرتا تھا (لوقا 16:4)۔ بائبل مقدس ہمیں خداوند کے دِن کو نظر انداز کرنے کے خلاف خبردار بھی کرتی ہے (عبرانیوں 25:10)۔ اِسی طرح سے پولس رسول بھی رومیوں کو یاد دِلاتا ہے کہ خدا کے کلام کو سننا کتنا ضروری ہے، مگر جس پر وہ ایمان نہیں لائے اُس سے کیوں کر دعا کریں؟ اور جس کا ذِکر اُنہوں نے سنا نہیں اُس پر ایمان کیوں کر لائیں؟ اور بغیر منادی کرنے والے کے کیوں کر سنیں؟ اور جب تک وہ بھیجے نہ جائیں منادی کیوں کر کریں؟ (رومیوں 14:10-15)
ایک اور اہم نکتہ بھی یاد رکھنا چاہیے۔ بعض اوقات کہا جاتا ہے کہ انسان کو اپنی پسند کے چرچ یا عبادت خانہ میں عبادت کرنی چاہیے۔یہ سننے میں تو اچھا لگتا ہے اور بلاشبہ مذہبی آزادی پر زور دیتا ہے لیکن کیا یہ خدا کی مرضی ہے؟ اگر کوئی اِس بات پر زور دیتا ہے کہ خدا کی عبادت صرف اُس طریقے سے کی جا سکتی ہے جیسا کہ اُس نے اپنے کلام میں حکم دیا ہے تو اِس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ شخص مذہبی طور پر متعصب ہے۔ یہ درست نہیں ہے کہ ہم خدا کی عبادت جہاں چاہیں اور جس طرح چاہیں کر سکتے ہیں۔ ہم عبادت کی جگہ کا انتخاب تفریح یا دوستانہ ماحول کی بنیاد پر نہیں کرتے ۔ بلکہ ہمیں وہاں عبادت کرنی چاہیے جہاں خدا کے نام کی اُس کے کلام یعنی بائبل مقدس کے مطابق بے حد تعظیم کی جاتی ہو۔
تو پھر خدا کی درست طریقے سے عبادت کرنے کے لیے صحیح جگہ یعنی چرچ تلاش کرتے وقت ہمیں کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
اوّل، سب سے بڑھ کر وہاں یسوع مسیح کی انجیل کی خالص منادی ہونی چاہیے۔ پولس فرماتا ہے کہ اُس نے یہ اِرادہ کر لیا تھا کہ کرنتھیوں کی کلیسیا کے درمیان یسوع مسیح بلکہ مسیح مصلوب کے سوا اور کچھ نہیں جانے گا (1 کرنتھیوں 2:2)۔ وہاں ہر کوئی یسوع مسیح کی صلیبی قربانی کے بارے میں سنے کہ کیسے اُس نے اپنے لوگوں کے گناہوں کے لیے اپنی جان دی (متی 21:1)۔ کیسے مسیح نے اُن گناہوں کی پوری قیمت ادا کر دی ہے اور یہ کہ نجات مکمل طور پر خدا کے فضل سے ہے نہ کہ انسان کے اپنے اعمال کے ذریعے سے۔
دوم، وہاں ساکرامنٹوں (بپتسمہ اور عشائے ربانی) کی درست ادائیگی کی جاتی ہو ۔ آخری بات یہ کہ وہاں مسیحی نظم و ضبط کا باقاعدہ استعمال کیا جاتا ہے۔
کیا آپ کسی ایسے چرچ یعنی کلیسیا سے وابستہ ہیں؟ اگر نہیں تو کیوں نہیں؟
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.