Day 24 – What’s In a Name?
Journey Through the Psalms: A Thirty-Day Devotional
Written by Mike Velthouse
Translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq
Translated and used by permission of the Reformed Free Publishing Association
Copyright © 2024. All rights reserved.
No part of this text may be reproduced, stored in a retrieval system, distributed to other web locations for retrieval, published in other media, mirrored at other sites, or transmitted in any form or by any means—for example, electronic—without the prior written permission from the publishers.
Reformed Free Publishing Association
1894 Georgetown Center Drive
Jenison, MI 49428
https://www.rfpa.org
چوبیسواں دِن: نام میں کیا رکھا ہے؟
مصنف: مائیک ویلتھاؤس
ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
زبور 8
آپ کا نام کیوں رکھا گیا؟ کیا آپ کا نام آپ کے خاندان کے کسی فرد کے نام پر رکھا گیا ہے؟ یا آپ کے والدین چاہتے تھے کہ آپ اور آپ کے بہن بھائیوں کے نام ایک جیسے ہوں؟ ممکن ہے آپ کا نام کسی مشہور شخصیت، کسی کھلاڑی یا کسی کتاب کے کردار سے لیا گیا ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ کے والدین ہزاروں ناموں میں سے انتخاب کر سکتے تھے لیکن انہوں نے آپ کے لیے وہ نام چنا جو ان کے نزدیک سب سے موزوں تھا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ منفرد ہیں اور آپ کی پہچان سب سے زیادہ آپ کے نام سے ہوتی ہے۔
کیا آپ نے کبھی جاننے کی کوشش کی ہے کہ مختلف ملکوں میں بچوں کے کونسے نام زیادہ رکھے جاتے ہیں؟ ہر ملک میں فرق فرق رجحانات ہوتے ہیں۔ 2022ء میں آسٹریلیا میں اولیور اور شارلٹ زیادہ مشہور نام تھے۔ شمالی آئرلینڈ میں جیمز اور گریس، نیدرلینڈز میں نوح اور ایما، فرانس میں گیبریئل اور جیڈ اور آئرلینڈ میں جیک اور ایملی زیادہ رکھے گئے۔ اب سوال یہ ہے کہ 2022ء میں امریکہ میں سب سے زیادہ مقبول نام کون سے تھے؟ اس کا جواب اِس باب کے آخر میں دِیا گیا ہے۔
یوسف اور مریم کو بھی اپنے بچے کا نام رکھنا تھا لیکن وہ کسی خاندانی نام یا رجحان کے بارے میں نہیں سوچ رہے تھے۔ جبرائیل فرشتے نے اُن کو بتایا تھا کہ اُس کا نام یسوع رکھنا کیونکہ وہی اپنے لوگوں کو اُن کے گناہوں سے نجات دے گا (متی 21:1)۔چونکہ یسوع کا مطلب ہے، یہوواہ نجات، اس لیے ہم کہتے ہیں کہ ہم اُس کے نام کے وسیلہ سے نجات پاتے ہیں (اعمال 12:4)۔ اُس کے پیدائشی نام کے علاوہ، بائبل مقدس میں یسوع کے لیے دو سو سے زیادہ نام پائے جاتے ہیں۔ یہ نام ظاہر کرتے ہیں کہ یسوع کون ہے اور اُس نے ہمارے لیے کیا کیا ہے جسے الٰہیات میں اکثر اُس کی ذات اور کام کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ یسوع کے ناموں اور اُس کے تخلیق کے کام کے درمیان ایک گہرا تعلق ہے؟ زبور 8 اُس کے ناموں کو تخلیق کے حوالے سے بیان کرتا ہے، اے خداوند ہمارے رب! تیرا نام زمین پر کیسا بزرگ ہے! (آیت 1) دوسرے لفظوں میں، اے یہوواہ (ہمارے باعہد خدائے تخلیق)، ہمارے ادونائی (یسوع، ساری تخلیق پر حاکم اور صاحبِ اختیار )۔ تیرا نام ساری تخلیق میں کتنا عمدہ، مضبوط، طاقتور اور قدرت والا ہے۔ گویا آیت 1 میں خدائے ثالوث کے نام کی تمجید کافی نہ تھی، اس لیے یہی الفاظ اِس زبور کے اختتام پر آیت 9 میں دوبارہ دہرائے گئے ہیں۔ درمیان کی آیات گناہ گار انسان کے نقطۂ نظر سے لکھی گئی ہیں جو خدا کی تخلیقی قدرت کی خوبصورتی اور عظمت کو دیکھ کر حیران کھڑا ہے۔ وہ اُن چیزوں پر غور کرتا ہے جو خدا نے بنائیں جیسےکہ بچے (آیت 2)، آسمان کے چاند اور ستارے (آیت 3)، پوری انسانی نسل (آیت 4) اور سب جنگلی جانور، ہوا کے پرندے اور سمندری حیات (آیات 7–8)۔
یسوع ہمیں اپنے مختلف ناموں کے ذریعے خود کو بہتر طور پر جاننے کا موقع دیتا ہے۔ لیکن ایک خاص بات یہ ہے کہ بعض نام اُنہی چیزوں کے ہیں جنہیں وہ اپنی تخلیقی قدرت کے ذریعے وجود میں لایا۔ آئیے، چند آیات پر غور کرتے ہیں جن میں یسوع کے نام اُن چیزوں میں پائے جاتے ہیں جو ہمیں فطرت میں نظر آتی ہیں۔
یسوع نے اُن سے کہا زِندگی کی روٹی میں ہوں۔ جو میرے پاس آئے وہ ہرگز بھوکا نہ ہوگا اور جو مجھ پر ایمان لائے وہ کبھی پیاسا نہ ہوگا (یوحنا 35:6)۔ یہ خوراک اور پانی آپ کو اُس وقت ملتا ہے جب آپ کلیسیائی اجتماع میں اُس کا کلام سنتے ہیں اور جب آپ بائبل مقدس پڑھتے ہیں۔
دیکھو یہ خدا کا برّہ ہے جو دنیا کا گناہ اُٹھا لے جاتا ہے (یوحنا 29:1)۔ ہماری خلاصی ایک بے عیب اور بے داغ برّے یعنی مسیح کے بیش قیمت خون کے ذریعہ سے ہوئی ہے (1 پطرس 19:1)۔ یہی ہماری نجات ہے۔
میں شارون کی نرگِس اور وادیوں کی سوسن ہوں (غزل الغزلات 1:2)۔ یہ اسرائیل کے دو خوبصورت اور درخشاں پھول ہیں جو ہماری توجہ خدا کے پیارے یسوع کی خوبصورتی اور جلال کی طرف دِلاتے ہیں۔
انگور کا حقیقی درخت میں ہوں اور میرا باپ باغبان ہے (یوحنا 1:15)۔ یہ فطرت سے لی گئی ایک خوبصورت مثال ہے جو مسیح کے ساتھ ہمارے متحد ہونے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ آپ ایک شاخ ہیں جو درخت یعنی یسوع میں پیوند کی گئی ہے تاکہ آپ کو روحانی زندگی کے لیے تمام ضروری غذائیت ملے۔
کیا آپ فطرت میں یسوع کے اور ناموں کے بارے میں بھی سوچ سکتے ہیں؟ اپنے اِردگرد دیکھیں اور غور کریں کہ آپ اور کون سے نام تلاش کر سکتے ہیں۔ ہم ہر مخلوق کو عطا کی گئی منفرد خصوصیات کے ذریعے یسوع کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ سب چیزیں اُس کے وسیلہ سے پیدا ہوئیں اور جو کچھ پیدا ہوا ہے اُس میں سے کوئی چیز بھی اُس کے بغیر پیدا نہیں ہوئی (یوحنا 3:1)۔
تو پھر نام میں کیا رکھا ہے؟ بعض اوقات نام کا انتخاب محض موجودہ رجحان کی پیروی ہوتا ہے۔ 2022ء میں امریکہ میں بچوں کے سب سے زیادہ مقبول نام لیام اور اولیویا تھے۔ لیکن یسوع کے معاملے میں، اُس کے نام کہیں زیادہ اہم اور پرمعنی ہیں۔ کیونکہ جو کوئی خداوند کا نام لے گا نجات پائے گا (رومیوں 13:10)۔
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.