Sleep

Reading Time: 4 minutes

Day 28 – Sleep
Journey Through the Psalms: A Thirty-Day Devotional
Written by Mike Velthouse
Translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq
Translated and used by permission of the Reformed Free Publishing Association
Copyright © 2024. All rights reserved.

No part of this text may be reproduced, stored in a retrieval system, distributed to other web locations for retrieval, published in other media, mirrored at other sites, or transmitted in any form or by any means—for example, electronic—without the prior written permission from the publishers.

Reformed Free Publishing Association
1894 Georgetown Center Drive
Jenison, MI 49428
https://www.rfpa.org

اٹھائیسواں دِن: نیند

مصنف: مائیک ویلتھاؤس

ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق

زبور 4

میں ایک بار پھر پلنگ کے پاس رکھی گھڑی کی طرف دیکھتا ہوں۔ رات کے 12:13 ہو رہے ہیں۔ پتہ نہیں اب تک کتنی بار گھڑی دیکھ چکا ہوں۔ ٹھیک ہے، اس بار آنکھیں بند کروں گا تو نیند آ ہی جائے گی۔ مگر نہیں۔ اب 1:32 ہو گئے ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے گھڑی کی سرخ روشنی پہلے سے زیادہ تیز ہو گئی ہو۔ بس اب سو جاؤ! 2:03۔ اب تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گھڑی کے ہندسے مجھے دیکھ کر مسکرا رہے ہیں گویا میرا مذاق اڑا رہے ہوں۔ میں بے حد تھکا ہؤا ہوں مگر آنکھیں بند ہونے کو تیار نہیں۔ خیالات کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لیتا۔ مجھے پانچ گھنٹے بعد اُٹھنا ہے۔ کل کا دن شاید بہت خراب گزرے گا۔ میری گھبراہٹ بڑھتی جا رہی ہے۔ بس۔۔۔اب نیند آ جائے۔

کیا آپ نے بھی کبھی ایسا محسوس کیا ہے؟ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ آپ کی عمر کے لوگوں کو ہر رات نو سے گیارہ گھنٹے سونا چاہیے لیکن اکثر ایسا نہیں ہو پاتا۔ کچھ لوگوں کو تو اچھی نیند بہت کم آتی ہے۔ آخر وہ کونسی ایسی بات یا چیز ہے جو آپ کو سونے نہیں دیتی؟ ممکن ہے کہ آپ نے شام کے وقت چائے یا کافی زیادہ پی لی ہو یا سونے سے پہلے دیر تک موبائل فون کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ آپ کسی ایسی بات کی وجہ سے پریشان ہیں جو آپ نے کسی سے کہی یا جس سے اُسے دکھ پہنچا اورآپ کو معلوم ہے کہ آپ نے خدا کے خلاف گناہ کیا ہے۔ کیا آپ کل اسکول میں کسی تنگ کرنے والے کے بارے میں فکر مند ہیں؟ یا گھر کے مسائل آپ کی پریشانی کی وجہ ہیں جیسے والدین یا بہن بھائیوں سے جھگڑا وغیرہ؟ یا پھر کل ہونے والے کسی اہم امتحان کی فکر آپ کو سونے نہیں دے رہی؟

زبور 4 جیسے بائبلی حوالے ہمیں بتاتے ہیں کہ خدا اِن سب حالتوں میں ہماری مدد کرتا ہے چاہے ہمیں عام طور پر آسانی سے نیند آ جاتی ہو یاسونے میں کوئی مشکل پیش آ رہی ہو۔ بائبل مقدس میں نیند کے بارے میں کافی کچھ بیان کیا گیا ہے۔ کیا آپ نے کبھی نیند کو عبادت کے طور پر سوچا ہے؟ یہ بات کچھ عجیب لگ سکتی ہے لیکن جب آپ زبور 4 پڑھیں گے تو معلوم ہوتا ہے کہ زبور 4 ہمیں دو آسان طریقے بتاتا ہے جن سے ہم سو بھی سکتے ہیں اور سوتے وقت خدا کی عبادت بھی کر سکتے ہیں۔

پہلا طریقہ ایک سکون بخش دوا کی طرح ہے۔ اپنے اپنے بستر پر دِل میں سوچو اور خاموش رہو (آیت 4)۔ آپ کے کمرے کی تاریکی اور خاموشی اِس بات کے لیے بہترین جگہ ہے کہ آپ اپنے دِل میں سوچیں کہ خدا کون ہے اور اُس نےآپ کے لیے کیا کیا ہے۔ یہ کتنا اچھا وقت ہے کہ آپ کا دماغ آپ کے دِل کو خدا کی تخلیق کے عجائبات یاد دِلائے مثلاً خوبصورت درختوں، پودوں، جانوروں، دریاؤں، پہاڑوں اور سمندروں کے بارے میں۔ ممکن ہے کہ رات کی خاموشی آپ کو خدا کے فضل، رحم اور اُس سلامتی کے بارے میں سوچنے میں مددگار ہو جو آپ کو اِس لیے ملی ہے کہ اُس کے بیٹے یسوع نے آپ کے گناہوں کے لیے صلیب پر اپنی جان دی۔

دوسرا طریقہ جس سے آپ نیند کے ذریعے عبادت کرتے ہیں یہ ہے کہ آپ پورے اعتماد کے ساتھ سو جائیں۔ میں سلامتی سے لیٹ جاؤں گا اور سو رہوں گا کیونکہ اے خداوند! فقط تو ہی مجھے مطمئن رکھتا ہے (آیت 8)۔ آپ کا سو جانا اس بات کا اعلان ہے کہ خدا ہی حاکم مطلق ہے۔آپ اپنے اعتقاد اور بھروسے کو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ ہر چیز پر اختیار رکھتا ہے یہاں تک کہ اُس وقت بھی جب آپ جاگ نہیں رہے ہوتے۔ اِسی بھروسے کے ذریعے نیند کی بے خبری کے دوران بھی خدا ہمیں اپنی محبت بھری بانہوں کی حفاظت میں رکھتا ہے۔

یہ بات مت بھولیں کہ یسوع کو بھی نیند آتی تھی۔ کیا آپ نے کبھی اِس بات کے بارے میں سوچا ہے؟ یسوع کو بھی ہماری طرح لیٹ کر سونا پڑتا تھا۔ اُس کا ہماری طرح انسانی جسم تھا جس کی زمینی ضروریات بالکل ہمارے جیسی تھیں۔ خدا نے ہمارا جسم اِس طرح بنایا ہے کہ ہمیں اپنی زندگی کا تقریباً ایک تہائی حصہ نیند میں گزارنا پڑتا ہے۔ یسوع کے جسم کی بھی یہی ضرورت تھی۔ ایک بار وہ اِتنا تھک گیا کہ کشتی میں سو گیا اور ایک شدید طوفان کے دوران میں اُسے جگانا پڑا! آپ کے خیال میں یسوع ہر رات سونے سے پہلے کیا کرتا ہو گا؟ کیا وہ خدا باپ کی شخصیت کے بارے میں سوچتا ہوگا؟ کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ یسوع پرانے عہدنامے کی آیات کی تلاوت کرتا ہوگا جن میں اُس کے بارے میں نبوت کی گئی ہے؟ یہ کہنا درست ہے کہ وہ سونے سے پہلے بہت زیادہ وقت دعا میں گزارتا تھا۔

آپ سونے کی تیاری کرتے وقت کن طریقوں سے خدا کی عبادت کر سکتے ہیں؟ ممکن ہے خدا کی تخلیق کے پسندیدہ پہلوؤں کے بارے میں سوچیں۔ اپنی پسندیدہ بائبلی آیات یا زبور پڑھنا آپ کے لئے برکت بھی ہے اور خدا کو جلال دینے کا طریقہ بھی ہے۔ زبور 23 سونے سے پہلے پڑھنے کے لیے ایک خوبصورت باب ہے۔ خدا کے حضور رسولوں کے عقیدے کے الفاظ یا دس احکام پیش کرنے کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ آپ کو کبھی بھی دعا کئے بغیر سونا نہیں چاہیے۔ چاہےآپ بائبلی آیات، دعائے ربانی یا دِل سے نکلی دعا کے ذریعے خدا کی حمد کریں اِس بات کے لئے کہ وہ کون ہے اور اُس نے آپ کے لیے کیا کیا ہے، اِس بات پر بھروسہ رکھتے ہوئے کہ جب تو لیٹے گا تو خوف نہ کھائے گا۔ بلکہ تو لیٹ جائے گا اور تیری نیند میٹھی ہو گی (امثال 24:3)۔

اور اگر خدا کے کامل منصوبے میں یہ ہے کہ آپ اگلے دن بیدار ہوں تو اِس آیت کے ذریعے آپ خدا کی حمد کر سکتے ہیں، میں لیٹ کر سو گیا۔ میں جاگ اُٹھا کیونکہ خداوند مجھے سنبھالتا ہے (زبور 5:3)۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Reply