The Positive Calling of Women in the Church

This excerpt is from Feminism and Women in the Church by Francesco De Lucia and was originally published on the CPRC website. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.

کلیسیا میں عورتوں کا مثبت بلاوا

مصنف: فرانچسکو ڈی لوچیا

ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق

کلیسیا یعنی مسیح کا بدن جس میں خدا کے لوگ فرداً فرداً اعضا ہیں، عورتوں کا کیا کردار ہے؟ یسوع مسیح کی کلیسیا کے حصہ ہونے کے طور پر اُن کے مثبت بلاوے کے بارے میں بائبل مقدس کیا بیان کرتی ہے؟

سب سے پہلے یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ مردوں کے ساتھ ساتھ، مسیحی خواتین بھی خدا کے خود مختار اور حاکمانہ فضل کے ذریعے یسوع مسیح کی ایک ہی کلیسیا میں شامل ہونے کے لیے بلائی گئی ہیں۔ ہر زمانے میں خواتین خدا کی اُمت کا لازمی حصہ رہی ہیں اور آج بھی ہیں اور بائبل مقدس ابتدا سے انتہا تک اس حقیقت کی گواہی دیتی ہے۔ مزید برآں، مردوں کے ساتھ ساتھ، خواتین کو بھی روح القدس عطا کیا گیا ہے تاکہ وہ مسیح کے بدن میں پیوستہ ہو ں، اُن کے گناہ معاف ہوں اور وہ زندگی کے ہر دور میں دس احکام کے اصول کے مطابق شکرگزاری کی پاک زندگی گذاریں۔ اِس طرح عورتیں کلیسیا کی پاکیزگی میں شریک ہیں۔ تیسری بات، عورتوں کو دنیا کی ہر قوم اور نسل سے، کسی بھی فرق یا امتیاز کے بغیر، مسیح کی کلیسیا میں شامل کیا گیا ہے۔ یوں وہ عالم گیر (کاتھولک) کلیسیا کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ، مردوں کے ساتھ ساتھ، انہیں بھی آسمان کی بادشاہی کے بھید جاننے کا شرف ملا ہے اور وہ اُن لوگوں میں شامل ہیں جو رسولوں اور نبیوں کی تعلیم پر قائم رہ کر رسولی کلیسیا کا حصہ ہیں۔

یہ اعلیٰ استحقاق اور عمومی بلاوا عورتوں اور مردوں دونوں کے لیے مشترک ہے لیکن بائبل مقدس عورتوں کے لئے کلیسیا اور خاندان میں کچھ ذمہ داریاں بھی مقرر کرتی ہے جو صرف عورتوں کے لیے مخصوص ہیں۔ مسیحی عورتوں کی مخصوص ذمہ داریوں سے متعلق اہم بائبلی حوالے یہ ہیں: امثال 10:31-31، یسعیاہ 10:43 کے ساتھ 1 پطرس 9:2 اور 15:3، یوحنا 28:4-29 اور اعمال 26:18، افسیوں 22:5-24 اور 1 پطرس 1:3-7، 1 تیمتھیس 9:2-15 اور 3:5-16 (بالخصوص آیات 10 اور 14)، 2 تیمتھیس 5:1، رومیوں 1:16-2، ططس 3:2-5۔ ان آیات کے مطالعے سے عورتوں کے لئے الٰہی بلاوے یعنی ذمہ داریوں کا خلاصہ کچھ یوں بیان کیا جا سکتا ہے؛

١۔ مسیحی خواتین کے لئے بالخصوص خدا کا بلاوا یہ ہے کہ کہ وہ اپنے شوہروں کو پیار کریں اور انہیں راضی رکھیں، خواہ وہ ایمان دار ہوں یا کلام کو نہ ماننے والے اور ان کے تابع رہیں، ہر اُس بات میں ان کی فرمانبرداری کریں جو کلامِ مقدس کے خلاف نہ ہو گویا وہ خداوند کے لیے کر رہی ہوں۔ وہ نہ تو شوہروں پر اختیار رکھیں اور نہ انہیں تعلیم دیں بلکہ دانا، امن پسند اور حلیم ہوں، ان سے مہربانی اور حکمت کے ساتھ بات کریں۔ انہیں پاک دامن ہونا چاہیے اور سادہ لباس پہننا چاہیے، یہ جانتے ہوئے کہ ان کا اصل سنگار نیک اعمال اور حلم اور مزاج کی غربت کی غیر فانی آرایش ہے نہ کہ قیمتی لباس اور قیمتی زیورات (1 کرنتھیوں 34:7ب ، افسیوں 22:5-24 ، 1 پطرس 1:3-7 ، ططس 4:2ب اور 5ب ، امثال 26:31)۔

٢۔ مسیحی خواتین کے لئے بالخصوص خدا کا بلاوا یہ ہے کہ عورتیں اپنے گھرانے پر بخوبی نگاہ رکھیں یعنی گھر میں انجام پانے والے ضروری اور گوناگوں کاموں میں محنتی اور مستعد ہوں اور اپنے شوہروں اور بچوں کو ان کی مخصوص ذمہ داریوں میں مدد اور سہارا فراہم کریں۔ انہیں اپنے بچوں کی تربیت خداوند کے خوف میں کرنی چاہیے، گھر میں خدا کے کلام کی تعلیم دے کر (اور مسیحی اسکول میں بھی جو گھر جیسا ہے) اور خود دِین داری کی زندہ مثال بن کر۔ یہ ایک نہایت اہم ذمہ داری ہے (امثال 12:31-19 ، 21-24 اور 27 ، ططس 5:2 ، 1 تیمتھیس 15:2 اور 10:5الف اور 14)۔

٣۔ مسیحی خواتین کے لئے بالخصوص خدا کا بلاوا یہ ہے کہ وہ مسیحی مسافرپروری اور مہمان نوازی کو عزیز رکھیں اور فروغ دیں، پردیسیوں کے لیے اور خاص طور پر اہل ایمان کے لئے اور نیک اعمال سر انجام دیں جیسے کہ مصیبت زدہ لوگوں (بیماروں، غریبوں) اور انجیل کے خادموں کی اُن کی ضرورتوں میں مدد کرنا (امثال 20:31 ، 1 تیمتھیس 10:5 ، رومیوں 1:16-2)۔

٤۔ مسیحی خواتین کو خدا کی طرف سے انجیل کی گواہی دینے کے لیے بلایا گیا ہے جب بھی انہیں موقع ملے (عوامی عبادت کے دائرے سے باہر)، بالخصوص نیک اعمال کے ذریعے اور اِسی طرح زبانی گواہی کے ذریعے بھی۔ انہیں جوان عورتوں اور بچوں کو صحیح مسیحی تعلیم اور دِیندارانہ زندگی گذارنے کا طریقہ بھی سکھانا چاہیے (امثال 26:31 ، یسعیاہ 10:43 بمقابلہ 1 پطرس 9:2 اور 15:3 ، یوحنا 28:4-29 بمقابلہ اعمال 26:18 ، ططس 3:2-5 ، 2 تیمتھیس 5:1)۔

یقیناً یہ صرف اُن اہم آیاتِ مقدسہ کا ایک مختصر خاکہ ہے جو خاندان اور کلیسیا میں مسیحی عورتوں کے مثبت بلاوے کے موضوع سے متعلق ہیں اور اِس کا مقصد مکمل اور جامع بیان پیش کرنا نہیں۔ اس موضوع پر بائبل مقدس کی تعلیمات کے تفصیلی مطالعہ کے لئے ہرمن ہینکو کی کتاب مرجان سے بھی بہت زیادہ سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Reply