The following article, The Unchangeable God, was authored by Rev. Angus Stewart and originally published on the CPRC website. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.
لاتبدیل خدا
مصنف: پادری اینگس اسٹیورٹ
ترجمہ کار: ارسلان الحق
اِس دنیا میں ہم روزانہ ایسی تبدیلیوں کا سامنا کرتے ہیں جو نہ صرف حیران کن بلکہ اکثر تباہ کن بھی ثابت ہوتی ہیں، اِس سب میں ایک ایماندار کے لیے سب سے بڑی تسلی یہ ہے کہ وہ ایک ایسے خدا کو جانتا اور اُس کی خدمت کرتا ہے جو کبھی نہیں بدلتا۔ جب کبھی روزگار کی صورتحال غیر یقینی ہوتی ہے یا معیشت میں اُتار چڑھاؤ، صحت کے مسائل ہوں یا دنیا بھر میں سیاسی ہلچل یا پھر مستقبل کے اندیشےجب ہمیں گھیر لیتے ہیں تو ہمیں اس سچائی سے تقویت ملتی ہے کہ میں خداوند لاتبدیل ہوں (ملاکی 6:3)۔
یہوواہ وہ عظیم، قادرِ مطلق، ہر شے کو جاننے والا اور کامل حکمت والا خدا ہے جس میں نہ کوئی تبدیلی ہو سکتی ہے اور نہ گردش کے سبب سے اُس پر سایہ پڑتا ہے (یعقوب 17:1)۔ صرف وہی اپنے بارے میں یہ فرما سکتا ہے کہ میں جو ہوں سو میں ہوں (خروج 14:3)۔ وہ ہمیشہ سے خدائے ثالوث ہے (باپ، بیٹا اور روح القدس)۔ ہمیشہ کامل برکت، دولت اور کمال سے بھرپور، ہمیشہ مطلق اختیار والا جو آسمان اور زمین میں، سمندر اور گہراؤ میں ہر چیز کو مقرر کرنے والا ہے اور اُن پر حکومت کرتا ہے (زبور 6:135)۔ وہ اپنی گوناگوں صفات، نیک ارادہ ، جلالی مقاصد اور خداوند یسوع میں کئے گئے باوفا وعدوں میں لاتبدیل ہے۔
زبور 136 میں 26 بار کہا گیا ہے کہ مسیح میں اپنے لوگوں کے لیے خدا تعالیٰ کی شفقت ابدی ہے۔فضل کا جو کام خدا نے مسیح کی ہر ایک بھیڑ میں شروع کیا ہے، وہ اُسے مکمل کرے گا (فلپیوں 6:1) کیونکہ جن کو اُس نے پہلے سے مقرر کیا اُن کو بلایا بھی اور جن کو بلایا اُن کو راست باز بھی ٹھہرایا اور جن کو راست باز ٹھہرایا اُن کو جلال بھی بخشا (رومیوں 30:8)۔ خدا کی لامحدود قدرت اور فضل اُس کی برگزیدہ کلیسیا کی حفاظت اور سلامتی کے لئے عہد و پیمان ہیں (زبور 1:125-2)۔ اُس کی لازوال خبرگیری اِس سے واضح ہے کہ وہ نہ کبھی اونگھتا ہے اور نہ سوتا ہے (زبور 4:121)۔
حتیٰ کہ جب اُس کے لوگ سنگین گناہوں کے مرتکب ہوتے ہیں تب بھی یہوواہ کی شفقت اُن کے لیے کم نہیں ہوتی، نہ ہی ٹھنڈی پڑتی ہے بجائے اِس کے کہ نفرت میں بدل جائے۔ بلکہ ایک مہربان باپ کی طرح محبت سے وہ ہمیں تنبیہ کرتا ہے تاکہ ہم اپنے گناہ سے باز آ ئیں، توبہ کریں اور اُس کی معافی اور شققت دوبارہ حاصل کریں (عبرانیوں 5:12-11)۔ جیسا کہ ملاکی نبی کی کتاب میں لکھا ہے، کیونکہ میں خداوند لاتبدیل ہوں اِسی لئے اے بنی یعقوب تم نیست نہیں ہوئے (ملاکی 6:3)۔
یہی ہماری تسلی ہے کہ کوئی بھی چیز یہوواہ خدا کے برگزیدہ اور ایمان دار لوگوں کو یسوع مسیح میں اُس کی لاتبدیل محبت سے جدا نہیں کر سکتی (رومیوں 35:8-39)۔جن سے مسیح نے محبت رکھی، اُن سے اُس نے آخر تک محبت رکھی (یوحنا 1:13).حتیٰ کہ صلیب کی تلخ اور شرمناک موت تک، جہاں خدا کے بیٹے نے اپنی جان کو اُن بھیڑوں کے لیے جو باپ نے اُسے دیں، قربان کردیا. ثالوث اقدس کا دوسرا اقنوم خدا کا بیٹا، یسوع مسیح کل اور آج بلکہ ابدتک یکساں ہے (عبرانیوں 8:13)۔ اور چونکہ وہ لاتبدیل ہے اِسی لیے ہم بھی نیست نہیں ہوئے اور نہ کبھی ہوں گے۔
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.