What Is a True Presbyterian?

The following article, written by Rev. Angus Stewart and first published on the CPRC website, explains the true meaning of being a Presbyterian. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.

ایک حقیقی پریسبیٹیرین کی کیا پہچان ہے؟

مصنف: پادری اینگس اسٹیورٹ

ترجمہ کار: ارسلان الحق

کیا صرف پریسبیٹیرین چرچ جانا یا اس کا رکن ہونا ہی حقیقی پریسبیٹیرین کی پہچان ہے؟ یا پھر حقیقی پریسبیٹیرین وہ ہے جو ویسٹ منسٹر اقرارالایمان میں بیان کردہ بائبل مقدس کی تعلیمات پر ایمان رکھتا ہے اور ان کے مطابق زندگی بسر کرتا ہے؟

جیسے ختنہ اور یہودی عبادت گاہ جانا کسی کو حقیقی یہودی نہیں بناتا بلکہ یہودی وہی ہے جو باطن میں ہے اور ختنہ وہی ہے جو دِل کا اور روحانی ہے نہ کہ لفظی (رومیوں 29:2). اِسی طرح حقیقی پریسبیٹیرین بھی وہی ہےجو باطن میں ہے اور دِل سے تاریخی پریسبیٹیرین عقائد پر ایمان رکھتا ہے۔

ایک حقیقی پریسبیٹیرین کیلئے بائبل مقدس کی چھیاسٹھ کتب ایمان اور زندگی کیلئے ایمان کا اعلیٰ ترین معیار ہیں (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، باب اوّل جز 2) نہ کہ سائنس یا سیاسی درستی کے خیالات۔ اِس لئے وہ ایمان رکھتا ہے کہ بعض انسان اور فرشتے حیات ابدی کیلئے اور بعض ابدی ہلاکت کے لئے مقرر کئے گئے ہیں (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، باب سوم، جز 3)۔ اور مسیح برگزیدہ بنی نوع انسان کے لئے مؤا (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، باب سوم، جز6)۔ اور آزاد مرضی بدعتی تعلیم ہے(ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، نواں باب، جز3)۔وہ نجات کے لئے اپنے اعمال پر نہیں (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، سولہواں باب، جز 5) بلکہ صرف مسیح کی راست بازی پر ایمان رکھتا ہے(ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، گیارہواں باب)۔ اُس کی خوشنودی خدا کے عہد میں ہے (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، ساتواں باب) جس کا تقاضا ایمانداروں اور اُن کے بچوں کا بپتسمہ ہے (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، ستائیسواں باب، جز 1، اٹھائیسواں باب، جز4)۔وہ ایمان رکھتا ہے کہ عشائے ربانی بزرگوں کی نگرانی میں ہونی چاہیے تاکہ تمام ناواقف اور بے دِینوں کو اس میں شامل ہونے سے روکا جائے (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، انتیسواں باب، جز8)۔کیونکہ وہ اس سچائی کا اقرار کرتا ہے کہ سچے خدا کی عبادت کا مناسب طریقہ وہی ہے جو خود اُس نے مقرر کیا ہے اور صرف اُسی کی منکشف مرضی کے تحت محدود ہے، تاکہ خدا کی عبادت نہ تو انسانوں کے تخیلات، نہ اُن کی ایجادات، اور نہ ہی کسی اور طریقے سے کی جائے جو بائبل مقدس میں مقرر نہیں کیا گیا (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، اکیسواں باب، جز 1)۔ وہ اپنے گھر میں خاندانی عبادت کو اہمیت دیتا ہے (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، اکیسواں باب، جز6) اور اپنی پوری زندگی میں شکرگزاری کے جذبے کے تحت خدا کے دس احکام کی پیروی کرتا ہے (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، انیسواں باب، جز6)۔ وہ کلیسیاؤں کا جائزہ اِن تین نشانیوں کے ذریعے کرتا ہے، کہ وہاں انجیل کی تعلیم کس حد تک دی اور قبول کی جاتی ہے؟ کیا مقدس رسومات (ساکرامنٹس) صحیح طریقے سے انجام دی جاتی ہیں؟ اور عام عبادت کس حد تک پاکیزگی اور بائبلی اصولوں کے مطابق ہوتی ہے؟ (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، پچیسواں باب، جز4)۔ اِسی بنیاد پر وہ رومن کاتھولک کلیسیا اور پوپ کی مخالفت کرتا ہے جو مسیح اور خدا کے خلاف ہیں(ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، پچیسواں باب، جز6)۔ اور وہ اس حقیقت کو بھی تسلیم کرتا ہے کہ مسیح کی ایک ہی بار دِی جانے والی کامل قربانی کے برعکس رومن کاتھولکس کی پاک ماس کی رسم مکروہانہ طور پر نفرت انگیز ہے (ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، انتیسواں باب، جز2)۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ آج حقیقی پریسبیٹیرین کمیاب ہیں حالانکہ پریسبیٹرین بزرگ (ایلڈر صاحبان) و پاسبان ویسٹ منسٹر اقرارالایمان میں بیان کردہ بائبلی تعلیمات پر کاربند رہنے کا حلف اُٹھاتے ہیں۔ خدا تنبیہ کرتا ہے کہ کلیسیائی رہنماؤں کا زیادہ سختی سے انصاف کیا جائے گا (یعقوب 3 :1)۔ جو مسیح اور اس کی کلیسیا سے محبت رکھتے ہیں،وہ پریسبیٹرین نظام کے موجودہ حالات پر غمگین ہیں اور دیگر پریسبیٹیرین بہن بھائیوں کو واپس اُن بنیادی عقائد کی طرف بلاتے ہیں جو ویسٹ منسٹر اقرارالایمان میں بیان کیے گئے ہیں کیونکہ یہ ایمان کا ایک معتبر خلاصہ ہے جو خدا کے کلام کے مطابق ہے۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Comment