The following article, Did Christ Die For You?, was authored by Rev. Ronald Hanko and originally published on the CPRC website. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.
کیا مسیح آپ کے لئے مؤا؟
مصنف: پادری رونالڈ ہینکو
ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
ممکن ہے کہ آپ نے یہ سنا ہو گا کہ خدا آپ سے محبت کرتا ہے اور مسیح آپ کے لئے مؤا۔ یہ بات سن کر انسان سوچتا ہے کہ پھر تو فکر کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔ یہ درست ہے کہ بائبل مقدس بیان کرتی ہے کہ جو مسیح پر ایمان نہیں لاتا، وہ سزا پائے گا۔ لیکن اگر خدا سب سے محبت کرتا ہے اور یسوع سب کے لئے مؤا تو پھر کسی انسان کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ہے نا؟
کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہو سکتا ہے مسیح نے آپ کے لیے جان نہ دِی ہو؟ بائبل مقدس بڑی وضاحت سے سکھاتی ہے کہ مسیح سب کے لیے نہیں بلکہ صرف اُن کے لئے مؤا جنہیں باپ نے اُسے دیا تھا (یوحنا 11:10 ، افسیوں 25:5)۔
جب مسیح دو ہزار سال پہلے صلیب پر مؤا تو اُس نے اُن کا کفارہ ادا کیا جنہیں باپ نے اُس کے سپرد کیا تھا۔ اُس نے اُن کی جگہ اُن کے گناہوں کی سزا موت برداشت کی۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر مسیح آپ کے لئے مؤا تو آپ کے تمام گناہ مٹا دیے گئے ہیں اور اب خدا کو آپ پر غضب ناک ہونے یا آپ کو سزا دینے کی کوئی وجہ نہیں رہی۔ یہ جاننا کتنا زبردست ہو گا، ہے نا؟
لیکن، اگر مسیح آپ کے لیے نہیں مؤا تو پھر آپ کے لیے کوئی امید نہیں۔ پھر آپ کو اپنے گناہوں کی سزا خود بھگتنا ہو گی۔ یسوع کے دکھ درد اور موت کی کہانی یہ ظاہر کرتی ہے کہ اس کا مطلب کیا ہے۔ وہ تاریکی میں چھوڑ دیا گیا اور خدا نے اُسے چھوڑ دیا۔ اگر یسوع مسیح آپ کے لیے نہیں مؤا تو آپ بھی خدا کی طرف سے ہمیشہ کے لیے اِسی طرح سزا پائیں گے۔
ممکن ہے کہ آپ کو اِس بات کا احساس نہیں کہ یہ کتنا ہولناک انجام ہے۔ بائبل مقدس بیان کرتی ہے کہ گناہ کی سزا ابدی تاریکی اور نہ بجھنے والی آگ ہے۔ یہ خدا کی طرف سے ہمیشہ کے لیے نفرت اور اُس کی حضوری سے خارج کیا جانا ہے (متی 49:13-50 ، 30:25 اور 46)۔
ایسی سزا سے بچنے کا واحد راستہ یسوع کی صلیبی موت ہے۔ صرف اگر یسوع نے آپ کی سزا اپنے اوپر لے لی ہو، تبھی آپ نجات پا سکتے ہیں۔
لیکن آپ کو کیسے معلوم ہو کہ مسیح نے آپ کے لئے اپنی جان دِی ہے؟ کوئی شخص کیسے یہ بات جان سکتا ہے؟
اگر مسیح نے آپ کے لئے اپنی جان قربان کی ہے تو لازم ہے کہ یہ تین باتیں آپ میں پائی جاتی ہیں؛
اوّل، آپ اِس بات کو سمجھیں گے کہ آپ گناہ گار ہیں اور خدا کے حضور اپنے تمام گناہوں پر افسوس کریں گے جو آپ نے خدا کے خلاف اور دوسروں کے خلاف کیے ہیں۔ بائبل مقدس اسے توبہ کہتی ہے۔
دوم، آپ چاہیں گے کہ یسوع آپ کا نجات دہندہ ہو اور خدا کے فضل سے اُس پر بھروسہ کریں گے۔ آپ ایمان لائیں گے کہ وہ خدا کا بیٹا ہے اور یہ کہ وہ آپ کے گناہوں کے لیے مؤا یعنی (سب سے زبردست بات) یہ کہ اُس نے آپ کے لئے بھی آپ جان قربان کی۔
سوم، آپ ایک نئی زندگی گزارنے کا عزم کریں گے ، ایسی زندگی جو خدائے ثالوث کی فرمانبرداری میں ہو اور اُس بڑی اور شاندار نجات کے لیے حقیقی شکرگزاری ظاہر کرے۔
اس لیے بائبل مقدس آپ کو اور ہر ایک کو حکم دیتی ہے کہ اپنے گناہوں سے توبہ کریں اور یسوع مسیح پر ایمان لائیں اور یہ کہ آپ اپنی خواہشات کے مطابق نہیں بلکہ سب باتوں میں خدا کی مرضی کے مطابق زندگی بسر کریں۔
بائبل مقدس کی اِن آیات پر غور و خوض کریں؛
کیونکہ خدا نے بیٹے کو دنیا میں اِس لئے نہیں بھیجا کہ دنیا پر سزا کا حکم کرے بلکہ اِس لئے کہ دنیا اُس کے وسیلہ سے نجات پائے۔ جو اُس پر ایمان لاتا ہے اُس پر سزا کا حکم نہیں ہوتا۔ جو اُس پر ایمان نہیں لاتا اُس پر سزا کا حکم ہو چکا۔ اِس لئے کہ وہ خدا کے اِکلوتے بیٹے کے نام پر ایمان نہیں لایا (یوحنا 17:3-18)۔
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.