Does God Love Everyone?

The following article, Does God Love Everyone?, was authored by Martyn McGeown and originally published on the CPRC website. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.

کیا خدا سب انسانوں سے محبت رکھتا ہے؟

مصنف: مارٹن مگیون

ترجمہ کار: ارسلان الحق

کیا خدا سب انسانوں سے محبت رکھتا ہے؟ بائبل مقدس میں خدا کی دنیا سے محبت کا مطلب ہمیشہ پوری نسل انسانی نہیں ہوتا (یوحنا 4:7اور 19:12، اعمال 6:17، 1 کرنتھیوں 32:11)۔ پرانے عہدنامے میں، خدا نے صرف اسرائیل سے محبت رکھی (استثنا 7:7) مگر تب بھی ہر اسرائیلی سے نہیں  اِس لِئے کہ جو اِسرائیل کی اولاد ہیں وہ سب اِسرائیلی نہیں (رومیوں 6:9)۔ نئے عہدنامے میں، خدا ہر قوم سے گناہ گاروں سے محبت رکھتا ہے، اِسی لیے لفظ دنیا استعمال ہوا۔ مگر جو بات اکثر نظرانداز کی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ خدا بعض گناہ گاروں سے اور اُن کے گناہوں سے نفرت بھی کرتا ہے۔ مثلاً، خدا نے عیسو سے نفرت کی (رومیوں 13:9) اور اُسے سب بدکرداروں سے نفرت ہے (زبور 5:5)۔

مسیح مجسم ہوا تاکہ اُن کو بچائے جن سے خدا محبت کرتا ہے نہ کہ یہوداہ، ہیرودیس، پیلاطس یا وہ سب جن کے نام بنایِ عالم کے وقت سے کتابِ حیات میں لِکھے نہیں گئے (مکاشفہ 8:17)۔ بلکہ مسیح اُ ن کو بچانے آیا جنہیں باپ نے اُسے دیا (یوحنا 37:6-39اور 2:17)۔ مسیح نے اپنے لوگوں سے جو دنیا میں تھے، محبت رکھی (یوحنا 1:13) نہ کہ ساری دنیا سے۔ مسیح میں چنے گئے گناہ گاروں سے محبت رکھی جاتی ہے (افسیوں 4:1-6) مگر مسیح سے باہر، گناہ گاروں سے خدا نفرت کرتا ہے، کیونکہ وہ ایسا خدا نہیں جو شرارت سے خوش ہو (زبور 4:5) کیونکہ خداوند صادِق ہے۔ وہ صداقت کو پسند کرتا ہے (زبور 7:11)۔ مسیح نے محبت میں اپنی بھیڑوں کے لیے جان دی مگر نہ تو وہ بکریوں کے لیے مؤا اور نہ ان کے لیے دعا کی (یوحنا 26:10-27 اور 9:17)۔

خدا کی محبت مؤثر ہے۔ وہ ان کو ضرور بچاتا ہے جن سے وہ محبت رکھتا ہے اور جن سے محبت رکھتا ہے ، اُن کے دلوں میں اپنی محبت بھی ڈال دیتا ہے تاکہ وہ بھی اُس سے محبت رکھیں (1 یوحنا 19:4)۔ چونکہ خدا پر یہ فرض نہیں کہ وہ کسی سے محبت کرے بلکہ وہ خود اپنی مرضی سے محبت رکھتا ہے، اس لیے انسان کو اعتراض یا شکایت کا کوئی حق نہیں (رومیوں 13:9-20)۔یہ تعلیم دینا کہ خدا سب سے محبت رکھتا ہے (حتیٰ کہ ان سے بھی جو جہنم میں جائیں گے) خدا کے فرزندوں کو حقیقی اطمینان سے محروم کرنا ہے اور شریر کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ اپنی جان بچانے کے لِئے اپنی بری روِش سے باز نہ آئے (حزقی ایل 22:13)۔

کچھ لوگ سوال کر سکتے ہیں کہ اگر خدا سب سے محبت نہیں رکھتا تو بائبل مقدس ایسی آفاقی زبان کیوں استعمال کرتی ہے جیسے کہ وہ  کِسی کی ہلاکت نہیں چاہتا (2 پطرس 9:3) یا کیونکہ جو کوئی خداوند کا نام لے گا نجات پائے گا (رومیوں 13:10)؟ ایسے اعتراضات سیاق و سباق کو نظر انداز کرتے ہیں اور زبان سے ناواقفیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ہم بھی عام گفتگو میں آفاقی زبان استعمال کرتے ہیں۔ جب استاد پوچھتا ہے، کیا سب کے پاس قلم ہے؟ تو اس کا مطلب ہے کہ اُس کے سامعین صرف اس کی جماعت کے طالب علم ہیں۔ جب ایک باپ کہتا ہے، سب گاڑی میں بیٹھ جاؤ تو وہ صرف اپنے خاندان سے مخاطب ہے۔ غور کریں، متی 22:10 (سب لوگ تم سے عداوت رکھیں گے)، یوحنا 26:3 (سب اُس کے پاس آتے ہیں)، اعمال 19:19 (اور بہت سے جادوگروں نے اپنی اپنی کتابیں اکٹھی کرکے سب لوگوں کے سامنے جلا دیں) اور رومیوں 19:16 (کیونکہ تمہاری فرمانبرداری سب میں مشہور ہوگئی ہے)۔ان آیات میں سب سے مراد پوری نسل انسانی نہیں ہو سکتی۔ اسی طرح، جو کوئی کا مطلب ہے ہر وہ شخص جو ایمان لائے نہ کہ ہر ایک انسان (یوحنا 16:3) یا ہر وہ شخص جو ایمان لاتا ہے یا سب ایماندار۔

2 پطرس 9:3 کا مقصد ٹھٹھا کرنے والوں کو جواب دینا ہے اور یہ تسلی بخش پیغام دینا ہے کہ مسیح کی واپسی میں تاخیر خدا کی طرف سے ہمارے لئے تحمل کا نتیجہ ہے۔ خدا سب کے لئے تحمل نہیں کرتا۔ وہ نہیں چاہتا کہ ہم یعنی اُس کے لوگ ہلاک ہوں اور چونکہ خدا کا تحمل نجات ہے (2 پطرس 15:3) اس لیے جن کے لئے خدا تحمل کرتا ہے، وہ نجات پائیں گے۔

اِسی طرح، کیونکہ جو کوئی خداوند کا نام لے گا نجات پائے گا (رومیوں 13:10) کا مطلب یہ نہیں کہ ہر کوئی خداوند کا نام لے سکتا ہے یا نام لے گا۔ بائبل مقدس سکھاتی ہے کہ گناہ گار خدا سے دشمنی رکھتے ہیں (رومیوں 7:8) اور اُس کا نام نہیں لیتے۔ یسعیاہ افسوس کرتا ہے، اور کوئی نہیں جو تیرا نام لے (یسعیاہ 7:64) اور پولس لکھتا ہے، کوئی خدا کا طالب نہیں (رومیوں 11:3)۔ پس جو خدا کو پکارتے ہیں وہ خدا کے روح کے کام کے سبب ہے جو بعض کو ایمان اور توبہ کی توفیق بخشتا ہے (اعمال 18:11، افسیوں 8:2، فلپیوں 29:1) اور بعض کی آنکھوں کو اندھا اور اُن کے دِل کو سخت کر دیتا ہے (یشوع 20:11، متی 25:11،یوحنا 40:12، رومیوں 18:9)۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Comment