Hospitable: Biblical Qualifications for Elders

The Biblical Qualifications for Elders and Deacons (An Exegesis of 1 Timothy 3:2–13)
Written by: Archibald Alexander Allison
Translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq

Translated and used with permission from the Committee on Christian Education of the Orthodox Presbyterian Church. This material originally appeared, in substance, in Ordained Servant (a publication of the Committee on Christian Education), vol. 3, pp. 80–96; and vol. 6, pp. 4–9, 31–36, 49–54.

بائبلی اہلیت برائے کلیسیائی بزرگان (ایلڈر صاحبان)

مصنف: آرچیبالڈ الیگزینڈر ایلیسن

ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق

مسافرپرور

پس نگہبان کو بے الزام۔ ایک بیوی کا شوہر۔ پرہیزگار۔ متقی۔ شایستہ۔ مسافرپرور اورتعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے۔ نشہ میں غل مچانے والا یا مار پیٹ کرنے والا نہ ہو بلکہ حلیم ہو۔ نہ تکراری نہ زر دوست۔ اپنے گھر کا بخوبی بندوبست کرتا ہو اور اپنے بچوں کو کمال سنجیدگی سے تابع رکھتا ہو۔ (جب کوئی اپنے گھر ہی کا بندوبست کرنا نہیں جانتا تو خدا کی کلیسیا کی خبرگیری کیونکر کرے گا؟)۔ نومرید نہ ہو تاکہ تکبر کرکے کہیں ابلیس کی سی سزا نہ پائے۔  اور باہر والوں کے نزدیک بھی نیک نام ہونا چاہیے تاکہ ملامت میں اور ابلیس کے پھندے میں نہ پھنسے (1 تیمتھیس 2:3–7)۔

ڈھانچہ

یہ اُن دو صلاحیتوں یا اوصاف میں سے پہلی ہے جس کا خدا کلیسیا میں نگہبان سے تقاضا کرتا ہے۔

توضیح

یونانی زبان میں مسافر پرور کے لئے مستعمل لفظ ایک مرکب لفظ ہے۔ اس کا پہلا حصہ دوست یا محبت کرنے والا کے معنی رکھتا ہے اور دوسرا حصہ میزبان کے معنوں میں مستعمل ہے۔ اگرچہ یہ دوسرا حصہ اجنبی کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے لیکن یہاں زیادہ مناسب مفہوم میزبان ہی ہے جس سے مسافرپروری یعنی مہمان نوازی مراد ہے۔ ایک نگہبان ایسا ہونا چاہیے جو میزبانی کرنا پسند کرے۔ پولس رسول نے گیس کی تعریف کی کہ اس نے اُسے اور پوری کلیسیا کو اپنے گھر میں ٹھہرایا (رومیوں 23:16)۔ ہر مسیحی کا یہی خاصہ ہونا چاہیے۔ پطرس لکھتا ہے، سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ آپس میں بڑی محبت رکھو کیونکہ محبت بہت سے گناہوں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔ بغیر بڑبڑائے آپس میں مسافرپروری کرو۔ جن کو جس جس قدر نعمت ملی ہے وہ اُسے خدا کی مختلف نعمتوں کے اچھے مختاروں کی طرح ایک دوسرے کی خدمت میں صرف کریں (1 پطرس 8:4–10)۔ رومیوں 13:12 میں بھی پولس خدا کے لوگوں کو مسافرپروری میں لگے رہنے کی ترغیب دیتا ہے۔ عبرانیوں کا مصنف بھی مسیحیوں کو حکم دیتا ہے کہ مسافرپروری سے غافل نہ رہو کیونکہ اِسی کی وجہ سے بعض نے بے خبری میں فرشتوں کی مہمان داری کی ہے (عبرانیوں 2:13)۔

مسافرپروری یعنی مہمان نوازی ہمیشہ کھانا کھلانے تک محدود نہیں ہوتی۔ گیس نے غالباً پولس اور کلیسیا کو اپنے گھر میں اکٹھا ہونے کے لئے جگہ فراہم کی۔ بائبل مقدس کی بہت سی مثالوں میں میزبان نے مہمانوں کو آرام کی جگہ، خوراک اور ان کے جانوروں کے لیے چارہ فراہم کیا۔ 1 پطرس 4 سے ہم سیکھتے ہیں کہ مہمان نوازی خدا کے لوگوں کے لیے محبت کے اظہار کا ایک طریقہ ہے۔ اِسے بغیر بڑبڑائے خوشی اور رضامندی سے کرنا چاہیے۔ یہ وہ ذریعہ بھی ہے جس سے ہم اپنی نعمتوں کو جس جس قدر وہ ہمیں ملی ہیں، مسیح کے بدن یعنی کلیسیا میں دوسروں کی خدمت کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ وسیع معنوں میں مسافرپروری کا مطلب یہ ہے کہ خدا نے جو کچھ ہمیں دِیا ہے اسے دوسرے مسیحیوں کے ساتھ بانٹنا تاکہ ان کا روحانی فائدہ اور باہمی حوصلہ افزائی ہو۔ یہ مہمانوں یا اجنبیوں کا محبانہ اور کھلے دِل سے استقبال اور اُن کی خدمت ہے۔

حاصل کلام

١۔ مسافرپروری ہر مسیحی کے لیے ضروری ہے لیکن کلیسیا کے نگہبان کے لیےیہ لازمی وصف ہے۔ نگہبان کو اس معاملے میں دوسرے مسیحی ایمانداروں کے لئے نمونہ بننا چاہیے اور اپنی زیر نگرانی جماعت کو بھی مہمان نوازی کی ترغیب دینی چاہیے۔

٢۔ مسیح نے بزرگوں کو کلیسیا کی تعمیر و ترقی اور خدا کے لوگوں کی تربیت کرنے کے لیے عطا کیا ہے۔ بزرگوں کو چاہیے کہ وہ اپنی نعمتیں دوسروں کے ساتھ خوشی سے بانٹیں بالخصوص ان کے ساتھ جو ان کی روحانی دیکھ بھال میں ہوں۔ اس میں کھانا یا رہائش مہیا کرنا، اپنے گھر کو کلیسیائی عبادات کے لیے پیش کرنا یا ملاقاتیوں اور صلاح لینے کے طالب افراد کو رہنمائی فراہم کرنا شامل ہے۔

٣۔ خدا کے سب لوگ اور خصوصاً بزرگ، اجنبیوں اور ملاقاتیوں کے لیے سرد مہر نہ ہوں بلکہ مستعد ، مہربان، مشفق اور ہمدرد ہوں، ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں اور اس طرح وہی محبت اور رحم ظاہر کریں جو ہمارے خداوند یسوع نے اپنی زمینی خدمت کے دوران میں اور جو وہ اب بھی ہر روز اپنی باوفا اور مہربان نگہداشت کے ذریعے ہماری اور اپنی تمام مخلوقات کی ضرورتوں میں ظاہر کرتا ہے (ملاحظہ ہو، زبور 104)۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Comment