The following article, Kept by God (and His Angels)!, was authored by Rev. Angus Stewart and originally published on the CPRC website. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.
خدا (اور اُس کے فرشتوں) کی حفاظت میں
مصنف: پادری اینگس اسٹیورٹ
ترجمہ کار: ارسلان الحق
خدا کے پاک فرشتے خداوند یسوع کی پیدایش کے ساتھ گہرے طور پر منسلک ہیں۔ لوقا کی انجیل کے پہلے باب میں جبرائیل فرشتہ عمررسیدہ کاہن زکریاہ کے پاس آتا ہے اور اُسے خوش خبری دیتا ہے کہ اُس کے ہاں بیٹا ہوگا ، یوحنا اصطباغی جو مسیح کا پیشرو ہوگا۔ پھر چھ ماہ بعد، یہی فرشتہ جبرائیل مریم کے پاس آتا ہے اور اُسے بتاتا ہے کہ وہ خدا کے بیٹے کو جنم دے گی۔متی کی انجیل کے پہلے اور دوسرے باب میں یوسف کو تین خواب آتے ہیں جن میں ایک فرشتہ اُسے ہدایت دیتا ہے کہ وہ مریم سے شادی کرے، یسوع کی بیت لحم میں پیدایش کے کچھ ماہ بعد شیطان کے زیرِ اثر ہیرودیس سے بچنے کیلئے مصر چلا جائے (مکاشفہ 4:12) اور ہیرودیس کی موت کے بعد واپس اسرائیل آ جائے۔
مزید برآں، جس روز مسیح کی پیدایش ہوئی، ایک فرشتہ رات کے وقت بیت لحم کے قریب چرواہوں پر ظاہر ہوا تاکہ نجات دہندہ کی پیدایش کا اعلان کرے۔ اور یکایک اُس فرشتہ کے ساتھ آسمانی لشکر کی ایک گروہ خدا کی حمد کرتی اور یہ کہتی ظاہر ہوئی کہ عالم بالا پر خدا کی تمجید ہو اور زمین پر اُن آدمیوں میں جن سے وہ راضی ہے صلح (لوقا 13:2-14)۔ یہ واحد واقعہ ہے جہاں ہمیں بائبل مقدس میں زمین پر فرشتوں کی اجتماعی عبادت کا ذکر ملتا ہے۔ ورنہ عام طور پر فرشتے آسمان میں خدا کی حمد کرتے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر، کلام مقدس ظاہر کرتا ہے کہ نہ صرف وہ فرشتے جو بیت لحم بھیجے گئے تھے خدا کی عبادت کرتے تھے بلکہ آسمانی لشکر کا کوئی بھی فرشتہ نو مولود بادشاہ کی حمد سے پیچھے نہ رہا۔ اور جب پہلوٹھے کو دنیا میں پھر لاتا ہے تو کہتا ہے کہ خدا کے سب فرشتے اُسے سجدہ کریں (عبرانیوں 6:1)۔
اپنی زمینی خدمت کے آغاز سے پہلے، یسوع کی بیابان میں آزمایش کے بعد فرشتے آ کر اُس کی خدمت کرنے لگے (متی 11:4) اور زمینی خدمت کے اختتام کے قریب، باغِ گتسمنی میں اذیت کے وقت ایک فرشتہ نے اُس کی انسانی فطرت کو تقویت دی (لوقا 43:22)۔ جب یسوع مردوں میں سے جی اُٹھا تو ایک فرشتہ آسمان سے اترا اور پاس آکر پتھر کو لڑھکا دیا اور اُس پر بیٹھ گیا (متی 2:28) یہ اُسے باہر نکالنے کے لیے نہیں آیا (کیونکہ زندہ خداوند پہلے ہی جا چکا تھا) بلکہ اِس لئے کہ اُس کے پیروکار دیکھ سکیں کہ وہ جی اُٹھا ہے اور قبر سے جا چکا ہے۔ آسمان پر صعود فرماتے ہوئے، شاگروں نے مسیح کو دیکھا، بازو پھیلائے اور برکت دیتے ہوئے کہ دو فرشتے ظاہر ہوئے اور اُس واقعے کی وضاحت کی (اعمال 10:1-11)۔
یسوع نے صرف اچھے اور برے فرشتوں کے بارے میں تعلیم نہیں دی بلکہ ابلیس اور اُس کی بدارواح کا سامنا بھی کیا بالخصوص اپنی آزمایشوں میں، بدروحوں کو نکالنے میں اور اپنی مصلوبیت میں۔
یوحنا 51:1 بالخصوص اِس بات کو ظاہر کرتا ہے جب یسوع نے فلپس اور نتن ایل سے کہا کہ تم آسمان کو کھلا اور خدا کے فرشتوں کو اُوپر جاتے اور ابن آدم پر اُترتے دیکھو گے۔ فرشتوں کی خدمت یسوع کے لیے مسلسل جاری تھی، اگرچہ ہمیشہ نظر نہیں آتی تھی۔ حتیٰ کہ جب وہ ظاہر ہوئے بھی تو اکثر شاگردوں کو نظر نہیں آئے کیونکہ وہ یا تو موجود نہ ہوتے تھے یا سو رہے ہوتے تھے۔ لیکن ہم ایمان کے ذریعے یہ جان سکتے ہیں کہ آسمان و زمین کا خالق خدا آسمان سے اپنے فرشتوں کے وسیلہ سے اپنے مجسم بیٹے کی مسلسل دیکھ بھال، حفاظت اور راہنمائی کرتا رہا۔
جب یسوع نے فرشتوں کے اُوپر جانے اور اُترنے کی بات کی تو وہ بیت ایل میں یعقوب کے خواب (پیدائش 12:28) کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔ وہی فرشتے جو اپنے سردار یسوع کی حفاظت کرتے ہیں، یعقوب یعنی اسرائیل اور مسیح کے تمام چھوٹے بچوں (متی 10:18، عبرانیوں 14:1) کی بھی نادیدہ طور پر حفاظت کرتے ہیں۔ خدا اپنے آسمانی پیامبروں کے ذریعے ہمارے کمزور ایمان کو تقویت دیتا ہے اور اپنے عہد کا اطمینان بخشتا ہے کہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے۔ برائی سے ہمیں محفوظ رکھتا ہے اور اپنی ابدی اور خود مختار مرضی کے مطابق ہماری رہ نمائی کرتا ہے۔ دعا ہے کہ خدائے ثالوث جو اپنے فرشتوں کے ذریعے ہمیں اپنی دیکھ بھال اور موجودگی کی یاد دلاتا ہے، یسوع مسیح کے فضل اور اُس کے رُوح کے وسیلہ سے آپ کو ہر وقت محفوظ رکھے۔ خداوند تیری آمدورفت میں اب سے ہمیشہ تک تیری حفاظت کرے گا (زبور 8:121)۔
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.