Menu Close

The Family: Foundations Are Shaking

This is the Urdu translation of the booklet The Family: Foundations Are Shaking. The booklet was written by Rev. Prof. Barry Gritters and translated into Urdu by Arslan Ul Haq.

خاندان: بنیادیں ہل رہی ہیں
مصنف: پادری پروفیسر بیری گرِیٹرز

ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
ہمارے معاشرے کے ستون ٹکڑے ٹکڑے ہو رہے ہیں اور اگر بنیادی تبدیلیاں نہ کی گئیں تو معاشرہ تباہ ہو جائے گا۔ کلیسیا کی حالت بھی ایسی ہی ہے۔ اگرچہ مسیح کی کلیسیا کبھی ختم نہیں ہوگی لیکن بہت سے کلیسیائی فرقے اور گروہ ختم ہو جائیں گے۔ یہ ستون خاندان ہیں۔ کلیسیا اور ملک دونوں کا انحصار خاندانوں پر ہے۔ جب خاندان مضبوط ہوں گے، دعا کرنے والے، عبادت گزار اور پاکیزہ تو کلیسیا بھی ایک مضبوط، خدا کی تعظیم کرنے والی اور مبارک کلیسیا ہوگی۔
خاندان خطرے میں ہیں۔ شادی اور خاندان کے بارے میں خدا کی سچائی پر شیطان اور بدکار دنیا کی جانب سے بے رحمی سے تابڑ توڑ حملے کیے جا رہے ہیں۔ اس کی چند مثالیں ملاحظہ ہوں؛ جنسی پاکیزگی کی ضرورت اور اہمیت کو تسلیم نہیں کیا جاتا. لوگ صرف اس وقت اس کی فکر کرتے ہیں جب انہیں جنسی تعلقات کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں سے بچنا ہو۔ مرد اور خواتین شادی کے بندھن کے بغیر ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہیں (کچھ سالوں پہلے سان فرانسسکو کی سٹی کونسل نے ایسے جوڑوں کی رجسٹریشن کی منظوری دی جو شادی کے بغیر ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہیں اور انہیں شادی شدہ جوڑوں جیسے تمام حقوق اور سہولتیں دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا)۔ کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں کنڈوم فروخت کیے جاتے ہیں اور انہیں مفت تقسیم کرنے والوں کو ہیرو سمجھا جاتا ہے۔ فوری اور آسان طلاق اور اس کے بعد آسانی سے دوبارہ شادی کر لینا، ایک عام بات بن چکی ہے۔ ہم جنس پرستی پر مبنی طرزِ زندگی کو قبول کیا جاتا ہے، اس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور اسے جائز قرار دیا جاتا ہے حتیٰ کہ بہت سی کلیسیائیں بھی اس کی حمایت کرنے لگی ہیں۔ مزید یہ کہ خاندان اب پہلے کی طرح مل جل کر نہیں رہتے۔
اگر کوئی ایک ایسا ہتھیار ہے جسے شیطان نے بہت کامیابی سے استعمال کیا ہے تو وہ ٹیلی ویژن ہے۔ ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے مواد اور اس کے نتیجے میں خاندانی میل جول اور مطالعے کے لیے وقت کی کمی کے ذریعے شیطان خاندانوں کو تباہ کرتا ہے۔ چونکہ ہم خاندانوں سے محبت کرتے ہیں، اس لیے ہم ابتدا ہی میں اپنا مؤقف واضح کر دیتے ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا غلط استعمال (جو اکثر ان لوگوں کا واحد استعمال بن کر رہ گیا ہے) خاندانی مسائل کی ایک بڑی تعداد کا سبب ہے۔
ایک اِصلاحی کلیسیا ہونے کے ناطے، ہمیں امید ہے کہ خدا اِن مختصر پیغامات کے ذریعے اپنے لوگوں کو دعا کرنے کی ترغیب دے گا کہ وہ دعا کریں کہ خدا اپنی کلیسیا کی حفاظت اور اپنے نام کے جلال کے لئے اچھی خاندانی زندگی کو بحال کرے۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.