Menu Close

Are Disasters Divine Punishments?

Reading Time: 2 minutes

The following article was written by Rev. Angus Stewart and originally published on the CPRC website. It has been adapted and translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.

کیا آفات الٰہی سزائیں ہیں؟
مصنف: پادری اینگس اسٹیورٹ
ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
سوال: کیا آفات محض قدرتی حادثات ہیں یا اِنسان کے گناہوں کی سزا اور خدا کی عدالت کا اظہار ہیں؟
یہ کہنا کہ ’’آفات سزائیں نہیں ہوتیں‘‘ یا یہ کہ ’’گناہوں کی سزا اِس جہان میں نہیں بلکہ صرف آنے والے جہان میں ملتی ہے‘‘، بائبلی تعلیم کے مطابق درست نہیں۔
ویسٹ منسٹر تفصیلی کیٹی کزم بیان کرتا ہے کہ ہمارے پہلے والدین کے گناہ اور ہمارے فطری بگاڑ کے باعث بنی نوع انسان ’’اِس جہان اور آنے والے جہان دونوں میں تمام سزاؤں کی بجا طور پر مستحق ہے (سوال و جواب 27)۔ اِس کے بعد کیٹی کزم وضاحت کرتا ہے کہ اِس دنیا میں گناہ کی سزائیں بنیادی طور پر دو قسم کی ہوتی ہیں: باطنی اور ظاہری۔ باطنی سزا میں عقل کا اندھا ہو جانا، حق کو پہچاننے سے محروم اور سچائی کو ردّ کرنے والا ذہن، شدید گمراہی، دِل کی سختی، ضمیر کی بے چینی اور خوف اور ناپاک خواہشات اور ظاہری سزا میں ہماری خاطر مخلوقات پر خدا کا قہر اور وہ تمام دوسری تکالیف اور مصیبتیں شامل ہیں جو ہمارے جسموں، عزت و ناموس، املاک، خاندانی اور سماجی تعلقات اور پیشے یا روزگار پر آ پڑتی ہیں۔ اِس میں موت بھی شامل ہے ( سوال و جواب 28)۔
بائبل مقدس تعلیم دیتی ہے کہ شریروں کے لئے املاک کا نقصان (استثنا 30:28) اور قحط، بیماری اور جنگ (حزقی ایل 17:5) الٰہی سزائیں ہیں۔ دس آفات، سدوم، نینوہ اور بابل کی تباہی اور نوح کے زمانے میں آنے والا عالم گیر طوفان یہ سب سزائیں اِس دنیا میں خدا کی عدالت کا اظہارتھیں۔ اگرچہ ہم، بحیثیت بنی نوع انسان، مصیبت زدگان کے ساتھ ہمدردی کرتے ہیں، اُن کے لیے دعا کرتے ہیں اور اُن کی مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ہمیں یہ اقرار بھی کرنا چاہیے کہ آنے والی آفات اور اُس کے نتیجے میں ہونے والی تمام تباہی، ردّ کئے ہوئے شریروں کے لئے الٰہی سزا اور مسیح کی واپسی کا نشان ہیں (متی 7:24)۔ آنے والی دنیا میں اُن تمام سرکش لوگوں کے لیے جو توبہ نہیں کرتے، آگ کی جھیل میں اِس سے کہیں بڑی سزا منتظر ہے (مکاشفہ 15:20)۔
تاہم، قدرتی آفات خدا کے برگزیدہ لوگوں کے لئے الٰہی سزا نہیں کیونکہ اُن کے تمام گناہوں کی سزا خود مسیح نے صلیب پر برداشت کی۔ چناں چہ، یہ سانحات بھی، ایک ایسے الٰہی طریقے سے، جسے انسان سمجھ نہیں سکتا، اُن کی نجات کے لیے کام کرتے ہیں۔ کیونکہ ہم کو معلوم ہے کہ سب چیزیں مل کر خدا سے محبت رکھنے والوں کے لئے بھلائی پیدا کرتی ہیں یعنی اُن کے لئے جو خدا کے اِرادہ کے موافق بلائے گئے (رومیوں 28:8)۔
سوال و جواب 27 کے لئے بائبلی حوالہ جات: پیدائش 8:3 ، 10 اور 24 اور 2:17 ، اِفسیوں 2:2-3 ، 2 تیمتھیس 26:2 ، نوحہ 39:3 ، رومیوں 23:6 ، متی 41:25 اور 46 ، یہوداہ 7:1۔
سوال و جواب 28 کے لئے بائبلی حوالہ جات: افسیوں 18:4 ، رومیوں 28:1 ، 2 تھسلنیکیوں 11:2 ، رومیوں 5:2 ، یسعیاہ 14:33 ، پیدائش 13:4 ، متی 4:27 ، رومیوں 26:1 ، پیدائش 17:3 ، اِستثنا 15:28-68 ، رومیوں 21:6 اور 23۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Reply