This excerpt is taken from God’s Alphabet for Life by Joel R. Beeke and Heidi Boorsma, published by Reformation Heritage Books. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.
ایک دوسرے پر مہربان اور نرم دِل ہو
ٖٖمصنف: جوئیل رابرٹ بیکی
مترجم: ارسلان الحق
ایک دوسرے پر مہربان اور نرم دِل ہو (افسیوں 32:4 الف)۔
پیارے بچو! کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر کوئی ہمارے ساتھ برا سلوک بھی کرے تب بھی ہمیں اُس پر مہربان ہونا چاہیے؟ کئی مرتبہ ہماری مہربانی اُن لوگوں کو اپنے برے رویے پر شرمندہ کر دیتی ہے جو ہمارے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں۔
فرض کریں کہ آپ اسکول میں کسی کھلونے سے کھیل رہے ہیں۔ ایک لڑکا وہاں آکر آپ سے وہ کھلونا چھین لیتا ہے۔ آپ کے دِل میں یہ خواہش پیدا ہوتی ہے کہ آپ اُس کے پاس جائیں، کھلونا اُس سے واپس چھین لیں اور شاید اُسے دھکا بھی دے دیں لیکن خدا ہمیں ایسا کرنے کا حکم نہیں دیتا۔ خدا ہمیں مہربان ہونے کا حکم دیتا ہے۔ اس لئے سب سے پہلے ہمیں خداوند سے درخواست کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اپنے کلام کی فرماں برداری کرتے ہوئے مہربان ہونے میں مدد دے۔ پھر آپ اُس لڑکے سے کہہ سکتے ہیں، یہ کھلونا پہلے میرے پاس تھا۔ اگر تم مجھ سے مانگتے تو میں اُسے تمہارے ساتھ بانٹ لیتا۔ اگر تم میرے ساتھ اچھا سلوک کرو گے تو میں تمہارے ساتھ کھیلنا اور یہ سارے کھلونے تمہارے ساتھ بانٹنا پسند کروں گا۔ عین ممکن ہے کہ آپ کا اِس طرح بات کرنا اُسے حیران کر دے کہ اُس نے آپ کے ساتھ برا سلوک کیا پھر بھی آپ اُس کے ساتھ مہربانی کر رہے ہیں۔ ممکن ہے اُسے آپ کا کھلونا چھیننے پر افسوس بھی ہو۔
بعض صورتوں میں، خدا کے فرزندوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے جب وہ اُس کے خلاف گناہ کرتے ہیں۔ خدا اُن پر ظاہر کرتا ہے کہ وہ اُن پر کس قدر مہربان رہا ہے۔ اُس نے اُنہیں نیا دِل بخشا ہے اور اُن کی جسمانی اور روحانی تمام ضروریات پوری کی ہیں۔ اُس نے کبھی اُن کے ساتھ بے رحمی نہیں کی۔ جب وہ اِن باتوں پر غور کرتے ہیں تو ایسے مہربان خدا کے خلاف گناہ کرنے پر اُن کے دِل بہت افسردہ ہو جاتے ہیں۔ خدا سے درخواست کریں کہ وہ آپ کو آپ کے گناہوں پر حقیقی توبہ کرنے کا فضل عطا کرے اُن تمام شرارتوں اور نافرمانیوں کے لئے جن کے ذریعے آپ اپنے خالق کے خلاف گناہ کرتے ہیں حالانکہ وہ ہماری اِتنی اچھی دیکھ بھال کرتا ہے اور مسلسل ہمیں توبہ کرنے اور اپنے بیٹے پر ایمان لانے کے لئے بلاتا ہے۔
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.