Menu Close

Family Worship

Reading Time: 2 minutes

This excerpt is taken from Family Worship by Joel R. Beeke, published by Reformation Heritage Books. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.

خاندانی عبادت
مصنف: جوئیل رابرٹ بیکی
مترجم: ارسلان الحق
میرا ماننا ہے کہ کلیسیاؤں کی ترقی میں ناکامی کی ایک بڑی وجہ خاندانی عبادت پر زور نہ دینا ہے۔ بہت سی کلیسیاؤں اور گھروں میں خاندانی عبادت ایک اختیاری چیز سمجھی جاتی ہے یا زیادہ سے زیادہ ایک سرسری سی مشق ہوتی ہے جیسے کہ کھانے سے پہلے مختصر سی دعا کرنا۔ نتیجتاً بہت سے بچے ایسے ماحول میں بڑے ہوتے ہیں جس میں مسیحی ایمان اور عبادت کا روزمرہ زندگی کی ایک سچائی کے طور پر نہ تو تجربہ کیا جاتا ہے اور نہ ہی اِس کا کوئی گہرا تاثر اُن کے دِل و دماغ پر قائم ہوتا ہے۔ جب میرے والدین نے اپنی شادی کی پچاسویں سالگرہ منائی تو ہم پانچوں بہن بھائیوں نے ایک دوسرے سے مشورہ کیے بغیر اپنے والدین کا ایک ایک بات کے لئے شکریہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ حیرت انگیز طور پر، ہم پانچوں نے اپنی والدہ کا اُن کی دعاؤں کے لئے شکریہ ادا کیا اور ہم پانچوں نے اپنے والد کا اتوار کی شام ہمارے گھر میں ہونے والی خاندانی عبادت کی قیادت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ میرے بھائی نے کہا، ابو، میری سب سے پہلی یاد یہ ہے کہ اتوار کی شام جب آپ ہمیں مسیحی مسافر (مسیحی کتاب) سے یہ سکھاتے تھے کہ روح القدس ایمانداروں کی رہنمائی کیسے کرتا ہے تو آپ کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے ہوتے تھے۔ جب میں تین سال کا تھا تو خدا نے خاندانی عبادت کے دوران میں مجھے اِس بات کا قائل کرنے کے لیے آپ کو استعمال کیا کہ مسیحیت واقعی ایک حقیقت ہے۔ بعد کے برسوں میں، میں خواہ کتنا ہی بھٹک گیا لیکن میں کبھی بھی سنجیدگی کے ساتھ مسیحیت کی حقانیت پر سوال نہیں اٹھا سکا اور اِس بات کے لئے میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
کیا ہم اپنے بچوں میں تبدیلی کو دیکھنا چاہتے ہیں؟ آئیں، ہم یاد رکھیں کہ خدا اکثر خاندانی عبادت کی بحالی کو کلیسیا میں روحانی بیداری لانے کے وسیلے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، میساچوسٹس کے ڈورچسٹر کی پیوریٹن جماعت کے 1677ء کے کلیسیائی عہد میں یہ وعدہ بھی شامل تھا کہ اپنے خاندانوں کی اصلاح کے لئے، اپنے آپ کو اِس بات کی ذمہ داری کے لئے پابند کرتے ہوئے کہ ہم اپنے خاندانوں میں خدا کی عبادت کو قائم کرنے اور اُسے جاری رکھنے کی پوری ایمانداری اور شعوری کوشش کریں گے اور اپنے گھروں میں خلوصِ دِل کے ساتھ زندگی بسر کریں گے، تمام گھریلو فرائض کو وفاداری سے ادا کرتے ہوئے، اپنے بچوں اور گھرانے کے افراد کو تعلیم دیں گے، اُن کی تربیت کریں گے اور اُنہیں خداوند کی راہوں پر چلنے کی تاکید کریں گے۔
جس طرح کی حالت گھر کی ہوتی ہے، اُسی طرح کی حالت کلیسیا کی ہوتی ہے اور جس طرح کی حالت کلیسیا کی ہوتی ہے، اُسی طرح کی حالت قوم کی ہوتی ہے۔ خاندانی عبادت اِس بات کا تعین کرنے والے سب سے اہم عوامل میں سے ایک ہے کہ گھر کی حالت کیا ہوگی۔



Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Reply