The following article, Lectio Continua Method of Preaching, was originally published on the Joel Beeke‘s website. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.
مسلسل اور ترتیب وار بائبلی طریقہ منادی
ترجمہ کار: ارسلان الحق
آج کلیسیا کو سب سے زیادہ ضرورت صحیح بائبلی منادی کی ہے۔ ہمیں ایسی منادی کی ضرورت ہے جو وفاداری کے ساتھ بائبل مقدس کے متن کو صحیح طور پر سمجھائے اور اُس کا ہماری زندگی پر اطلاق کرے، دلیری سے گناہ کی مخالف کرے اور خدا کی حاکمیت اور بزرگی، اُس کی شریعت اور انجیلی وعدوں کا جرات کے ساتھ اعلان کرے۔
اِس نوعیت کی مؤثر منادی انجیلی کلیسیا کے بہت سے حلقوں میں مفقود ہو چکی ہے اور اُس کی جگہ ایسی منادی نے لے لی ہے جو بے حد کمزور اور انسان مرکوز ہے۔ عقیدے سے بھرپور تفسیری وعظ جو ایمان کو مضبوط کرتے اور مسیحی بلوغت کو فروغ دیتے ہیں، اُن کی جگہ اب عموماً غیر رسمی، دوستانہ گفت گو کے انداز میں، واقعات اور ذاتی حکایات سے بھرے ہوئے ایسے وعظ پیش کئے جاتے ہیں جن میں مسیحی ایمان کی سچائیوں کی تعلیم نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ یہ طرزِ عمل غیر ایمانداروں کو الجھن میں مبتلا کرتا ہے اور ایمانداروں کو مسلسل روحانی ناپختگی کی حالت میں رکھتا ہے۔
بلاشبہ، صحیح بائبلی منادی کی بحالی کی اشد ضرورت ہے۔ اِس نوعیت کی اِصلاح نہ صرف مسیح کی بھیڑوں کو اُس کے تازگی بخش کلام کی سرسبز چراگاہوں کی طرف واپس لے جاتی ہے بلکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے خادموں کے لیے ایک عمدہ نمونہ بھی فراہم کرتی ہے۔
مسلسل اور ترتیب وار بائبلی طریقہ منادی سے کیا مراد ہے؟
یہ خدا کے کلام کی مسلسل، منظم اور تفسیری منادی ہے یعنی بالترتیب بائبلی آیات (آیت بہ آیت)، ابواب (باب در باب) اور کتب (کتاب بہ کتاب) سے منادی جس کا مقصد خدا کی ساری مرضی بیان کرنا ہے (اعمال 26:20–27)۔ جب کلامِ مقدس کے بڑے حصوں کو نظرانداز کیا جاتا ہے تو مسیحی شاگردیت کمزور ہو جاتی ہے۔ اگر مسلسل اور ترتیب وار بائبلی طریقہ منادی وفاداری کے ساتھ اختیار کیا جائے تو یہ یقینی بناتا ہے کہ کلامِ مقدس کے ہر حصے کی روحانی دولت کو دریافت کیا جائے (حتیٰ کہ اُن آیات کو بھی جو مشکل، غیر واضح، متنازع یا قبول کرنے میں دشوار ہوں)۔ پولس رسول بیان کرتا ہے، ہر ایک صحیفہ جو خدا کے الہام سے ہے تعلیم اور الزام اور اصلاح اور راست بازی میں تربیت کرنے کے لئے فائدہ مند بھی ہے تاکہ مردِ خدا کامل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لئے بالکل تیار ہو جائے (2 تیمتھیس 16:3–17)۔
یوں مسلسل اور ترتیب وار بائبلی طریقہ منادی کا مقصد بائبل مقدس کے مخصوص اور پسندیدہ حصوں کی منادی کرنا نہیں بلکہ سارے کلامِ خدا کو مسلسل اور وفاداری کے ساتھ صراحت سے بیان کرنا ہے تاکہ خدا کی ساری مرضی کلیسیا پر ظاہر ہو جائے اور ایماندار ایمان، علم اور مسیحی زندگی میں پختہ ہوں۔
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.