This excerpt is taken from Beginning: Family Worship in Genesis by By Joel R. Beeke and Nick Thompson, published by Reformation Heritage Books. It has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.
ناپسندیدہ لوگوں سے محبت
ٖٖمصنف: جوئیل رابرٹ بیکی
مترجم: ارسلان الحق
ہم عام طور پر اُن لوگوں اور چیزوں سے محبت کرتے ہیں جو ہمیں اچھی لگتی ہیں۔ اگر آپ کا پالتو کتا آپ کو بار بار کاٹے اور آپ کے کھلونے خراب کرے تو شاید آپ اُس سے محبت نہ کریں۔ اگر آپ کی گلی کا کوئی لڑکا آپ کی سائیکل چُرا لے اور آپ کو بُرے ناموں اور القاب سے پکارے تو غالباً آپ اُس کے دوست نہیں بننا چاہیں گے۔ جن لوگوں اور چیزوں کو ہم پسند نہیں کرتے، اُن سے محبت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ لیکن بائبل مقدس ہمیں ایسے خدا کے بارے میں بتاتی ہے جو اُن لوگوں سے بھی محبت کرتا ہے جو محبت کے لائق نہیں ہوتے۔ پوری دنیا گناہ میں ڈوبی ہوئی تھی۔ مذکورہ بالا لڑکے کی طرح، لوگ بت پرستی کے ذریعے خدا کی عزت اور جلال چھیننے کی کوشش میں تھے۔ پھر بھی خدا نے اُن سے محبت کرنا جاری رکھا۔ خدا نے سیت، نوح اور سم سے محبت کی۔ اِس لئے نہیں کہ وہ گناہ گار نہیں تھے بلکہ اِس لئے کہ خدا مہربان اور فضل کرنے والا خدا ہے۔
اب ہم سم کی نسل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ اُس کا نام ابرام تھا جو بعد میں ابرہام کہلایا۔ خدا نے ابرام کو چنا۔ لیکن کیوں؟ اس لئے نہیں کہ ابرام بہت نیک شخص تھا۔ اُس کا خاندان بتوں کی پوجا کرتا تھا۔ ابرام بھی گناہ گار انسان تھا۔ وہ جھوٹے معبودوں کی عبادت کرتے ہوئے بڑا ہوا تھا۔ وہ سچے اور زندہ خدا کو نہیں جانتا تھا۔ خدا نے ابرام کو اس لئے بھی نہیں چنا کہ وہ بہت طاقتور یا خاص صلاحیتوں والا شخص تھا۔ اُس کی بیوی سارہ بانجھ تھی۔ اُس کی کوئی اولاد نہیں تھی جس کے ذریعے وہ نجات دہندہ پیدا ہو سکتا جو سانپ کے سر کو کچلتا۔ اور نہ صرف یہ کہ اس کی کوئی اولاد نہیں تھی بلکہ اس کی بیوی بھی بچے پیدا کرنے کے قابل نہیں تھی۔ لیکن یہی اصل بات تھی۔ خدا نے ابرام کو اس لئے نہیں چنا کہ ابرام بہت نیک یا طاقتور تھا لکہ اس لئے کہ خدا محبت میں عظیم ہے۔ وہ کمزور اور گناہ گار ابرام کو لے کر اُسے ایسا وسیلہ بنائے گا جس کے ذریعے اُس کی نجات آپ کے اور میرے جیسے کمزور اور گناہ گار لوگوں تک پہنچے گی۔ پس اِس سے ہم سیکھتے ہیں کہ خدا ہم سے اِس لئے محبت نہیں کرتا کہ ہم بہت نیک یا بہت اچھے ہیں یا ہم میں کوئی خوبی پائی جاتی ہے۔ ہم گناہ گار ہیں اور ہم میں سے کوئی خدا کا طالب نہیں۔ وہ ہم سے محبت کرتا ہے کیونکہ وہ خود محبت کرنے والا اور فضل کرنے والا خدا ہے۔
مطالعہ کریں، پیدائش 27:11–32 اور یشوع 2:24
Discover more from Reformed Church of Pakistan
Subscribe to get the latest posts sent to your email.